خبرنامہ خیبر پختونخوا

فاٹا کو 2018کے انتخابات سے قبل خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے: آفتاب شیرپائو

پشاور(ملت + آئی این پی)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ فاٹا کو 2018کے انتخابات سے قبل خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے ،پاک چائنا راہداری منصوبہ کے مغربی روٹ کو پہلے تعمیر کیا جائے ،وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ اورمردم شماری کاانعقاد جلد سے جلد کرے اور افغانستان کے ساتھ بہترین تعلقات کیلئے کردار ادا کرنے اور خطے میں امن کے قیام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ، پختونوں سے مزید ناانصافی برداشت نہیں کریں گے اور ان کے حقوق و تحفظ اور ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ وہ پیرکو دلہ زاک چوک رنگ روڈ پشاورمیں قومی وطن پارٹی کے چوتھے یوم تاسیس کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ سی پیک میں خیبر پختونخوا اور پختونوں کو نظرانداز کیا گیا توصوبے کے عوام میں پائی جانے والے محرومی میں اضافہ ہو گا ۔ انھوں نے کہا کہ تیل اور کوئلہ سے پیدا ہونے والی بجلی ،موٹرویزاور اکنامک زونز خیبر پختونخوا کے علاوہ دوسرے صوبوں میں بنائے جارہے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو محض سڑکوں کی تعمیرپر ورغلایا جارہا ہے ۔انھوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کسی صورت ایسی امتیازی پالیسی تسلیم نہیں کریں گے جس میں ان کی حق تلفی ہو ۔انھوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت مغربی روٹ کی تعمیر میں مخلص ہے تو صوبے میں اکنامک زونز،ٹرانسمیشن لائن اور تمام مراعات و سہولیات کی فراہمی کیلئے اب تک اقدامات کیوں نہیں اٹھائے گئے ۔انھوں نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں جبکہ چینی حکام نے اپنے ملک میں پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کیلئے یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔آفتاب شیرپاؤ نے فاٹا کی خیبر پختونخوا میں شامل ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک طرف قبائلی عوام کی محرومیوں کاازالہ ہو گا تو دوسری طرف خیبرپختونخوا ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن جائے گا اور وسائل اور آمدن میں اضافہ ہو گا جس سے پختون قوم تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔انھوں نے پاک افغان تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے اور برادرانہ تعلقات کے بغیر خطے میں امن اور ترقی کا قیام ممکن نہیں لہذا دونوں ممالک میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو ختم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ دونوں ممالک میں امن قائم ہو سکے ۔انھوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں جتنی مزید تاخیر کی جائے گی اتنی ہی چھوٹے صوبوں اور چھوٹی قومیتوں کی محرومیوں میں اضافہ ہوگا انھوں نے مطالبہ کیا کہ این ایف سی ایوارڈ اور مردم شماری کے جلد انعقاد کو یقینی بنایا جائے تاکہ چھوٹے صوبوں اور قومیتوں کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین و سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما بھی موجود تھے۔