خبرنامہ خیبر پختونخوا

قراقرم ہائی وے پر 200 لینڈ سلائیڈز ہوئی ہیں: زاہد حامد

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا ہے کہ قراقرم ہائی وے پر 200 لینڈ سلائیڈز ہوئی ہیں، آئندہ دو دن میں یکطرفہ ٹریفک کھول دی جائے گی، 2 سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے اشیائے خوردونوش بھجوائی جا رہی ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں خورشید شاہ سمیت دیگر اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے معاملے کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ این ڈی ایم اے سے گلگت بلتستان سے تازہ ترین صورتحال معلوم کی ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز انہوں نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا ہے، قراقرم ہائی وے پر 200 لینڈ سلائیڈز ہوئے ہیں۔ صرف داسو اور خیال کے مقام پر ایف ڈبلیو او کام کر رہی ہے۔ آئندہ دو دنون میں یہاں ون وے ٹریفک کھول دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ دو سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے 8 ٹن سامان روزانہ جا رہا ہے۔ ملک پاؤڈر کی کمی تھی وہ بھی بھجوایا جا رہا ہے۔ صوبے اور پاک فوج کی طرف سے بھی امدادی سامان جا رہا ہے۔ سب مل کر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حالات کنٹرول میں ہیں، ایندھن کی کمی ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کو بھی ہدایت کی گئی ہے ۔ پوری شاہراہ قراقرم ہائی وے کو 15 اپریل تک کلیئر کر دیا جائے گا۔