خبرنامہ خیبر پختونخوا

قرآن کی تعلیم لازمی ،نظام صلوٰۃ جلد نافذکیاجائیگا:سرداریوسف

ایبٹ آباد: (ملت+اے پی پی) وفاقی وزیرمذہبی امورسردار محمد یوسف نے کہاہے کہ پاناما لیکس کا فیصلہ کرنا عدالت کا کام ہے ،دھرنوں کا کوئی فائدہ نظرنہیں آیا۔ قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی قرار دیاجارہاہے ۔ نظام صلوٰۃ جلد نافذ کیاجائے گا۔ حج اور عمرہ ایکٹ کی وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی ہے ۔ حج اور عمر ہ پردوہزار ریال کا ٹیکس سعودی حکومت نے واپس لے لیاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آبادکے سکول میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب اوربعدازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔سردار محمد یوسف نے کہا پی ٹی آئی والے عدالتی فیصلہ نہیں کرسکتے کہ وہ وزیراعظم کو نااہل قرار دلوادیں۔اگر وزیراعظم کی نااہلی کا فیصلہ عمران خان کرتاہے تو سپریم کورٹ کیافیصلہ کرے گی؟عدالت نے جو بھی فیصلہ دیا اس پر عملدرآمد ہوگا۔ عمران خان کو اگر دھرنوں کا شوق ہے تو وہ پورا کرلیں۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ پرویز خٹک سی پیک کے حوالے سے جو بیانات دے رہے ہیں یہ تمام چیزیں منصوبے میں پہلے سے شامل تھیں۔ پرویز خٹک کے مطالبے پر ان کو شامل نہیں کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاتمام وزرائے اعلیٰ نے نظام صلوٰۃ پر رضامندی ظاہر کردی ہے ۔ ہم نے ملک کے مختلف شہروں کے اوقات نماز کے مطابق کیلنڈر تیار کرنا ہے ،نئی حج پالیسی پر کام شروع ہے ۔