خبرنامہ خیبر پختونخوا

لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ کی تعمیر نوکے ماسٹر پلان کی باقاعدہ منظوری

پشاور (ملت + آئی این پی) لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ کی تعمیر نوکے ماسٹر پلان کی باقاعدہ منظور ی دے کر متعلقہ حکام کو اس اہم منصوبے پر جلد از جلد عملی کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ اس منصوبے میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ہسپتال کی مجوزہ نئی عمارت پر50کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کے لئے ساڑھے 12کروڑ روپے RAHA فراہم کرے گا۔ مذکورہ ہسپتال کے ماسٹرپلان کی یہ منظوری کمشنر کوہاٹ ڈویڑن مسرت حسین کی زیر صدارت کمشنر ہاؤ س میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں دی گئی جس میں دوسروں کے علاوہ رکن قومی اسمبلی شہر یار آفریدی ،چےئر مین سٹینڈنگ کمیٹی خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ضیا ء اللہ بنگش ایم پی اے ،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ، قومی تعمیر نو محکموں کے سر براہوں اور مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس کو بتایاگیا کہ ماسٹر پلان کے منظوری کے بعد ایک مہینے کے اندر اندرپراجیکٹ کا پی سی ون تیارکرلیا جائے گااور متعلقہ فورم سے اس کی باقاعدہ منظوری لے کر عملی کام بھی شروع کردیا جائے گا۔اجلاس کو یقین دہانی کرائی گئی کہ اس میگا پراجیک کو مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس کو مزیدبتایا گیا کہ مذکورہ پراجیکٹ کے لئے فنڈز کی کمی کسی صورت آڑے نہیں آئے گی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اس کے لئے پہلے ہی مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔اجلاس میں کنسلٹنٹ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنا کام بروقت مکمل کریں اور ایسا لائحہ عمل تیار کریں کہ تعمیراتی کام کے دوران طبی سرگرمیاں کسی طور پر متاثر نہ ہوں اور مریضوں کو بلاتعطل طبی سہولیات مہیا ہوں۔