خبرنامہ خیبر پختونخوا

مانسہرہ: غیرت کے نام پر بہو، سسر اور2 سالہ بچی بے دردی سے قتل

خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں غیرت کے نام پر باپ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بیٹی، اس کے سسر اور دو سالہ پوتی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

تہرے قتل کا خونریز واقعہ مانسہرہ کے علاقہ بٹل میں پیش آیا۔ مقتولین پہلے سے درج کیس کے سلسلے میں ضلعی عدالت بٹگرام میں پیشی سے واپس آرہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ملزمان نے فائرنگ کردی۔

تھانہ بٹل کے اہلکار شہزاد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ واجد ولد عبداللہ جان نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بھابھی سمینہ نے تین سال قبل ان کے بھائی عمیر سے پسند کی شادی کرکے مانسہرہ کے قریب رہائش اختیار کی تھی جس پر سمینہ کے والد نے ہمارے اوپر اغوا کا مقدمہ درج کرایا جو تاحال چل رہا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ روز اسی مقدمہ میں پیشی کے بعد سمینہ اپنے سسر اور دو سالہ بیٹی زیننب کے ہمراہ گھر واپس آرہی تھی کہ تھانہ بٹل کے حدود لنک روڈ پر تاک میں بیٹھے ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 20 سالہ سمینہ، 70 سالہ عبداللہ جان اور 2 سالہ زینب موقع پر دم توڑ گئی۔

واقعہ کے بعد ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان گل پزیر،گل لالا، زرغنچہ، جمشید اورکیری ڈرائیور زبیر کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی آر میں پولیس نے 7 ملزمان کو نامزد کیا ہے جن میں محمد نسیم، شیر خان، نسیم خان، گل نواب، جمشید اور منور شامل ہیں۔ نامزد ملزمان میں سے جمشید کی گرفتاری عمل میں آئی ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔