خبرنامہ خیبر پختونخوا

مانسہرہ میں موٹے پولیس اہلکاروں کو فٹنس کیلئے45 روز کی ڈیڈ لائن

مانسہرہ میں

مانسہرہ میں موٹے پولیس اہلکاروں کو فٹنس کیلئے45 روز کی ڈیڈ لائن

مانسہرہ:(ملت آن لائن) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں موٹے پولیس اہلکاروں کی شامت آگئی اور انہیں فزیکل فٹنس کے لیے 45 روز کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔ اسکول آف آپریشن مانسہرہ میں زیادہ وزن کے حامل پولیس اہلکاروں کی چربی گھٹانے کے لیے 45 روز کی انتہائی سخت ٹریننگ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ندیم شہزاد بخاری کا کہنا ہے کہ 2 سال میں ضلع بھر میں کوئی زیادہ وزن کا حامل کوئی اہلکار نہیں نظر آئے گا۔ پولیس اہلکاروں کی ٹریننگ کے لیے ایس ایس جی (اسپیشل سروسز گروپ) اور اے ٹی ایس (اینٹی ٹیرارزم اسکواڈ) ٹرینرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جنہوں نے زیادہ وزن کے حامل اہلکاروں کے لیے خصوصی ٹریننگ شیڈول مرتب کیا ہے۔ ڈی پی او ندیم شہزاد بخاری کا کہنا تھا کہ 2 سال میں ہم تمام ضلع کی پولیس کے تمام سپاہیوں کو شارٹ اے ٹی ایس کورس کروا چکے ہوں گے اور وہ اس قابل ہوں گے کہ اچھی پروفیشنل اور آپریشنل سرگرمیاں سرانجام دے سکیں۔ زیادہ وزن کے حامل اہلکاروں کے لیے خصوصی ٹریننگ شیڈول مرتب کیا گیا ہے—۔جیو نیوز اسکرین گریب دوسری جانب پولیس اہلکار اس ٹریننگ سے بے حد مطمئن نظر آتے ہیں۔ ایک اہلکار کا کہنا تھا، ‘یہ ہماری فٹنس کا کورس ہے، یہاں ہم صبح 4 کلومیٹر دوڑتے ہیں، پانچ چھ دن کے اندر میں نے اپنا وزن بھی چار پانچ کلو کم کرلیا ہے اور امید ہے کہ 45 دنوں میں کم از کم 30 کلو وزن کم کروں گا۔’ ایک اور اہلکار کا کہنا تھا، ‘ہم پہلے 10 قدم بھی نہیں چل سکتے تھے اور ہمیں دوڑنے میں بڑی دشواری ہوتی تھی، لیکن اب ہم دو میل تک دوڑ سکتے ہیں اور بڑی آسانی سے اپنا اسٹیمنا برقرار رکھ سکتے ہیں’۔ دوسری جانب ڈی پی او کا کہنا ہے کہ جو اہلکار 45 روز میں اسمارٹ نہ ہوئے انہیں اگلے 45 روز اس سے بھی سخت ٹریننگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔