خبرنامہ خیبر پختونخوا

مذہب اور قومیت کے نام پر خیبر پختونخوا کے عوام کو مزید ورغلایا نہیں جا سکتا

پشاور (ملت + آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ مذہب اور قومیت کے نام پر خیبر پختونخوا کے عوام کو مزید ورغلایا نہیں جا سکتاکیونکہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام دوست پالیسیوں کی بدولت جھوٹ اور فریب کی سیاست کو بے نقاب کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترپشاور میں ضلع بنوں سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خواہشات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت نظام کی تبدیلی کیلئے جن اقدامات پر عمل پیرا ہے صوبے کے عوامْ اس تسلسل کو کبھی ٹوٹنے نہیں دیں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ کرپٹ سیاستدان اس خوش فہمی میں مبتلا ہر گز نہ ہوں کہ عوام ماضی کے ادوار کو بھول چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بنوں کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو ایفا کرنے کیلئے کسی قسم مصلحت کا شکار نہیں ہونگے کیونکہ حلقے کے عوام ان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور وہ علاقے کے جملہ مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔