خبرنامہ خیبر پختونخوا

مردان،دہشت گردحملےکےبعد فضاسوگوار،شہر میں شٹرڈاؤن ہڑتال رہی

مردان (آئی این پی )مردان میں کچہری کے مرکزی دروازے پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار رہی، مردان کمپلیکس ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں زخمیوں کا علاج جاری ہے جبکہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کردی گئی ۔ مردان میں دہشت گردی کے خلاف تاجروں کی اپیل پر ہڑتال کی گئی جس کی وجہ سے کاروباری مراکز اورصبح کھلنے والی دکانیں بند اور ٹریفک معمول سے کم رہی۔خیبرپختونخوا بار کونسل کی کال پر عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رہاجبکہ تاجر برادری نے بھی شٹرڈاؤن ہڑتال کال دی ہے۔ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ۔ مردان کچہری میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ مردان میں سکولوں، عمارتوں اور مقامات پر پولیس کی بڑھا دی گئی ۔ مردان پولیس حکام نے ابتدائی رپورٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کچہری میں حملہ کرنے والے خودکش بمبار نے پولیس کے 3 حصاروں سے بچنے کے لئے پولیس کے پاس پہنچ کرہینڈ گرنیڈ پھینکااوراندرکی جانب دوڑلگادی تاہم دروازے پرتعینات سپاہی جنید خان اوردیگرنے اس کا پیچھا شروع کیا جس کے دوران حملہ آورنے برآمدے میں پہنچ کرخود کودھماکے سے اڑادیا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کے ساتھ سب سے زیادہ جانی نقصان برآمدے میں بیٹھے وکلااورسائلین کا ہوا جووہاں پرموجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق حملے میں مجموعی طورپر 13 افراد شہید اور30 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں 4وکیل، 3 پولیس اہلکار اور6 عام لوگ شامل ہیں۔