خبرنامہ خیبر پختونخوا

مردان: دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ، 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار

مردان: (آئی این پی) مردان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے ۔ مردان کچہری خودکش حملے کے بعد جاری حساس اداروں اور پولیس کی مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران مردان شہر میں 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر خفیہ مقام سے دو خود کش جیکٹ برآمد کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا ۔ ڈی ایس پی سٹی شاہ ممتاز خان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کچہری میں خودکش دھماکے کے بعد دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف آپریشن جاری تھا ، اس دوران شہر کے مضافات میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا جہاں سے دو مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے ، ان کی نشاندہی پر دو خودکش جیکٹ اور تین ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کر لئے گئے ۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران 3 کلاشنکوف، 4 بندوق ، پستول اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کر لئے ۔