خبرنامہ خیبر پختونخوا

مشال قتل کیس ، اعلیٰ پولیس افسران کو کلین چٹ مل گئی

پشاور: (ملت آن لائن) مشال خان قتل کیس کی انکوائری کمیٹی نے حادثے کے روز یونیورسٹی میں موجود پولیس اعلیٰ افسران کو کلین چٹ دیتے ہوئے دو ایس ایچ اوز کی تنزلی کے احکامات جاری کردئیے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مشال قتل کیس میں انکوائری کمیٹی کے سامنے حماد نامی طالبعلم نے بطور گواہ پولیس کے اعلی افسران کی کوتاہی کی نشاندہی بھی کی تھی، تاہم کمیٹی نے ان کے بیانات کو مسترد کرتے قتل کے وقت موجود ڈی ایس پی شیخ ملتون حیدر اور ایس پی آپریشن کو کلین چٹ دے دی۔ اعلی افسران کو بچانے کے لئے دو ایس ایچ اوز سب انسپکٹر سلیم خان اور مدثر کی تنزلی کے احکامات جاری کردئیے گئے،ذرائع کا کہنا ہے اے ایس پی کی سربراہی میں کمیٹی نے ماتحت اہلکاروں کو قصوروار ٹھہرایا، اورسزا پانے والے اہلکاروں کی ڈی آئی جی سے اپیل پر بھی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ہے۔واضح رہے کہ عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کو رواں سال 13 اپریل کو توہین مذہب کا الزام لگا کر مشتعل ہجوم نے تشدد اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔مشال قتل کی متعدد ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور واقع میں ملوث درجنوں افراد کو گرفتار کر لیے گئے تھے ۔