خبرنامہ خیبر پختونخوا

معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردارمسلمہ ہے:عاطف خان

پشاور:( اے پی پی )خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردارمسلمہ ہے اور اس نے ہر مشکل وقت باالخصوص ملک میں آمریت کے خلاف تحریک اور عدلیہ کی آزادی میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں کاٹلنگ تحصیل بار ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر جمیل خان کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں عوام کو ان کی دہلیز پر سستے اور فوری انصاف کی فراہمی سرفہرست ہے لہٰذا حکومت وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرے گی۔ وفد کے ارکان نے تحصیل میں ایڈیشنل سیشن جج اور سول جج کی آسامیاں پیدا کرنے، بارروم بلڈنگ کے لئے فرنیچر اور لائبریری کے لئے کتابوں کی فراہمی، پارکنگ شیڈ کی تعمیر اور بلڈنگ سے ملحقہ اراضی کو تحصیل کے احاطے کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ وفد کے ارکان نے صوبائی وزیر کو کاٹلنگ بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف بردار ی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔ وزیر تعلیم نے وفد کے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ تحصیل سے ملحقہ اراضی کے سلسلے میں مقامی انتظامیہ جبکہ دیگر مطالبات کے حل کے لئے وہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے خصوصی فنڈ منظو ر کرائیں گے ۔