خبرنامہ خیبر پختونخوا

معاہدہ کے بعد ایبٹ آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور مظاہرہ منسوخ

معاہدہ کے بعد ایبٹ آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور مظاہرہ منسوخ
ایبٹ آباد:(ملت آن لائن) وفاقی دارالحکومت میں حکومت اور مظاہرین کے مابین طے پانے والے معاہدہ کے بعد ایبٹ آباد میں ہونے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور مظاہرہ منسوخ کر دیا گیا، اہلسنت والجماعت کی جانب سے دی جانے والی شٹر ڈاؤن ہڑتال مکمل طور پر ناکام رہی، شہر کے سکولوں میں عام تعطیل کے باعث سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم رہی، شہر کے تمام بازار اور رستے مکمل طور پر کھلے تھے اور لوگ خریداری میں مصروف عمل نظر آئے، امن و امان کی صورتحال کو قابو کرنے کیلئے امن کمیٹی کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ تفصیلات کے مطابق ختم نبوت ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام شہدائے ختم نبوتؐ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے حوالہ سے ہونے والا مظاہرہ حکومت اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد منسوخ کر دیا گیا، امن وامان کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایس پی ایلیٹ فورم ملک اعجاز کو شہر میں امن وامان کی ذمہ داری سونپی گئی تھی تاہم معاملات طے پانے کے بعد مظاہرہ اور دھرنا منسوخ کردیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین کے راستوں کو سیل کر رکھا تھا، مظاہرے والی جگہ پر کچھ مظاہرین موجود تھے تاہم کسی قسم کا کوئی احتجاج دیکھنے میں نہیں آیا۔ اس موقع پر امن کمیٹی کے ارکان تحصیل ناظم اسحق ذکریا، تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد، سردار شیردل، نعیم اعوان اور دیگر موجود تھے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے سکولوں میں تعطیل کے اعلان کے بعد سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم رہی، شٹر ڈاؤن کی ہڑتال مکمل طور پر ناکام رہی، بازار میں دکانیں کھلی تھی اور خریدار خریداری میں مصروف رہے۔