خبرنامہ خیبر پختونخوا

ملاکنڈ میں تیسری تحصیل بنانے کا اعلان تبدیلی کی جانب ایک ٹھوس اقدام ہے ، شکیل خان

پشاور(ملت + آئی این پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے بہبودِ آبادی شکیل خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی صوبائی حکومت کی طرف سے ملاکنڈ میں تیسری تحصیل بنانے کا اعلان تبدیلی کی جانب ایک ٹھوس اقدام ہے کیونکہ وہاں کے عوام کا یہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔ یہ بات انہوں نے ملاکنڈ اْتمانخیل کے 35رکنی جرگے سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔جرگے میں آگرہ ،کوٹ اورسیلی پٹی یونین کونسلز کے عمائدین اور ناظمین نے شرکت کی۔ وزیرِ اعلی کے مشیر نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوانے گذشتہ دورہ تھانہ ملاکنڈ میں ملاکنڈ کی تیسری تحصیل کا اعلان کیا تھا جس کو عملی جامہ پہنایا جائے گا اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکو ملاکنڈ اْتمانخیل کو تحصیل کا درجہ دینے کیلئے ضروری اقدامات اْٹھائے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ نئی تحصیل کے بننے میں انتظامی سیٹ اپ پر تقریبا چھ مہینے لگ سکتے ہیں اور اس میں حائل تمام پیچیدگیوں کو دور کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملاکنڈ اْتمانخیل کیلئے تحصیل کے قیام کیلئے قومی اسمبلی کے ممبرجنیداکبر بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے ،کیونکہ ملاکنڈ کے عوام ترقی میں بہت پیچھے رہ گئے تھے اور ملاکنڈ میں تیسری تحصیل بنانا تحریکِ انصاف کا ایک قیمتی تحفہ ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ کے مشیر کا ان کے مسائل سننے اور حل کرنے پر سے شکریہ ادا کیا۔