خبرنامہ خیبر پختونخوا

ملک و قوم کی ترقی کا انحصار تعلیمی نظام کے ڈھانچے پر ہے:مفتی عبیداللہ

ہنگو:( اے پی پی )کسی بھی ملک و قوم کی ترقی کا انحصار تعلیمی نظام کے ڈھانچے پر ہے اور تعلیم کے بغیر عالمی چیلنجوں سے نمٹناممکن نہیں،ہنگو کے ذہین طلباء وطالبات صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے پیچھے نہیں۔پسماندہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولیات کے فقدان کاسامنا ہے۔ان خیالات کا اظہار ضلع ناظم ہنگو مفتی عبید اللہ اور ضلع نائب ناظم سید عمر اورکزئی نے اکسفورڈ ماڈل پبلک ہائی سکول میں یوم والدین کے موقع پر منعقدہ پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے خطاب میں ضلع ناظم مفتی عبید اللہ اور نائب ناظم سید عمر اورکزئی نے کہا کہ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت ملک کو ایک مثالی مملکت بنانے کی ضامن ہے اور ترقی کی اس دوڑمیں آگے بڑھنے کے لئے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ حصول تعلیم کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے طلباء و طالبات میں صلاحیتوں کی کمی نہیں بلکہ ان کی صلاحیتوں کواجاگر کرنے کے لئے تعلیم کے حصول کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔تقریب کے موقع پر سالانہ نتائج میں بہترین کارکردگی کے حامل پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں مہمانان خصوصی ضلع ناظم مفتی عبید اللہ اور نائب ناظم سید عمر اورکزئی نے انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔