خبرنامہ خیبر پختونخوا

ملک کی18کروڑ آبادی میں سے 13کروڑ نوجوان ہیں

پشاور (ملت آن لائن + آئی این پی) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اس ملک میں18کروڑ آبادی میں 13کروڑ نوجوان ہیں اس لیے اقتدار نوجوانوں کا جمہوری حق ہے لیکن مختلف پارٹیوں میں بیٹھے یہ لیڈر اپنے بچوں کے زندہ باد کے نعرے لگوانے کے لیے نوجوانوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان کا اصل مسئلہ70سال سے مسلط وہ لیڈر ہیں جو اصل میں ڈیلر ہیں۔ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے ایبٹ آباد میں جے آئی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد عبد الرزاق عباسی جماعت اسلامی یوتھ کے صوبائی صدر عبد الغفار اور ضلعی صدر راجہ قیصر نے بھی خطاب کیا ۔مشتاق احمد خان نے نومنتخب صدور اور کابینہ ارکان سے حلف بھی لیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی قوت سے ملک کو ڈیلر نما لیڈروں سے نجات دلائیں گے ۔ان ڈیلروں نے قومی دولت کا سودا کیا ہے اور چار سو ارب ڈالر بیرون ملک بینکوں میں منتقل کیے۔ان ڈیلروں نے امریکہ سے اقتدار کے عوض قوم کی عزت اور بیٹی عافیہ صدیقی کو بیچا۔یہ لبرلزام ،سیکولزازم اور ورشن خیالی کے نام پر قومی خزانے پر سانپ بنے بیٹھے ہیں۔ انھوں نے اعلان کیا کہ 2018کے انتخابات میں جماعت اسلامی50فی صد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی۔انھوں نے کہا کہ رنگ برنگے جھنڈوں والی یہ جماعتیں اصل میں انجمن غلامان امریکہ کے ارکان ہیں اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے قوم کو غلام بنائے رکھا ہے۔ان کو قوم کی صحت و تعلیم اور نوجوانوں کے روزگار اور کھیل کود سے کوئی تعلق نہیں۔ منشیات اور سمگلنگ کے اڈوں کی سرپرستی یہی لوگ کر رہے رہیں جبکہ جماعت اسلامی نوجوانوں کی طاقت کو ترقی،خوشحالی ،امن اور ورزگار کے لیے استعمال کر رہی ہے۔خیبر پختونخوا میں میں ہم نے آٹھ لاکھ نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کا ممبر بنایا ہے۔یونین کونسل کی سطح پر دس ہزار عہدیداروں کا انتخاب کرکے معاشرہ کوبہت بڑی طاقت دی ہے۔16 اپریل کو پشاور میں لاکھوں نوجوانوں کا کنونشن ہوگا جس میں ان نوجوانوں سے خوشحال پاکستان کا حلف لیں گے۔ان کی طاقت سے ایسا پاکستان وجود میں لائیں گے جہاں پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔بدامنی اور دھماکے ختم ہو جائیں گے۔ہر بچے کے لیے تعلیم اور علاج معالجہ کی سہولیات کی مفت فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔ہر شہری کو رہائش کی سہولت حاصل ہوگی۔جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کسی جماعت کے پاس نوجوانوں کے لیے کوئی پروگرام نہیں ۔اپنے بیٹے اور بیٹیوں کو نوجوانوں کے کاندھوں پر سوار رکھتے ہیں اور اپنے زندہ باد کے نعرے لگواتے ہیں۔دوسری طرف ہم نوجوانوں کو آگے لا رہے ہیں ان کو اپنی قیادت کے انتخاب کا موقع پر فراہم کیا۔ان کو اسمبلیوں میں بھیجیں گے ان کے ہاتھ میں اقتدار دیں گے۔انھوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ کے نوجوانوں نے اسلام کے لیے جینے اور مرنے کا حلف اٹھایاہے۔ وہ اسی حلف کی پاسداری کرتے ہوئے کھیل کے ایک ایک میدان میں جائیں گے ہر گلی اور کوچے میں پہنچیں گے اور نوجوانوں کو جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں گے اور ان کو اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لشکر میں شامل کرائیں گے۔ہم نے جوانوں کو نعرہ دیا ہے کہ ساتھ ہوگا نوجواں آگے بڑھے گا پاکستان۔انھوں نے کہا کہ جاپان،ملائشیا اور سنگاپور نے ترقی کی ہے لیکن ہمارے ڈیلر حکمرانوں کو اگر یہ ممالک دو سال کے لیے بھی مل گئے تو ان کا ستیا ناس ہوجائے گا۔