خبرنامہ خیبر پختونخوا

ملک کے حالات پہلے کے مقابلہ میں بہت بہتر ہیں:اقبال ظفر جھگڑا

پشاور- ( اے پی پی) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر عملدرآمد کے نتیجہ میں مملکت کے حالات پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں اور مزید بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وہ پیر کو گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقتدار سنبھالنے کے بعد امن و امان کی بہتری اور دہشت گردی کے خاتمے کو اپنی ترجیحات میں اولیت دی جبکہ ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے اور اقتصادی حالت کی بہتری کو بھی انہوں نے اپنی ترجیحات کا حصہ بنایا اور ان تینوں شعبوں میں ملک کو درپیش چیلنجز پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی گورنر خیبر پختونخواکی حیثیت سے تعیناتی میاں نواز شریف کے اعتماد اور ان کی مسلم لیگ سے دیرینہ وابستگی کی مرہون منت ہے تاہم انہوں نے اس ذمہ داری کو ایک چیلنج کے طور پر لیا ہے اور اس چیلنج سے مقابلے کے لئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانا اور ٹی ڈی پیز کی باوقار واپسی و بحالی ان کی ترجیحات کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی پیز کے تقریباً دو لاکھ خاندان اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان کے دیگر ٹی ڈی پیز کی واپسی رواں سال اکتوبر یا نومبر میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ فاٹا میں اصلاحات کے حوالے سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کمیٹی تین قبائلی ایجنسیوں کے دورے کر چکی ہے جبکہ پانچ کے دورے باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خارجہ کی بیرون ملک مصروفیات کے باعث کمیٹی کی سرگرمیاں کچھ تعطل کا شکار رہیں تاہم (آج) منگل کو اسلام آباد میں ان کی مشیر خارجہ سرتاج عزیزسے ملاقات ہونی ہے جس میں مذکورہ کمیٹی کے کام کو آگے بڑھانے اور اسے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا حکومت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے تاہم صوبائی حکومت سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اور جہاں تک رینجرز کی تعیناتی سمیت خیبر پختونخوا حکومت کے وفاق سے مطالبات کے معاملے کا تعلق ہے وہ اس حوالے سے بھی خیبر پختونخوا حکومت کی مشاورت سے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتیں مل کر چلیں گی تو ملک کو درپیش مسائل کا جلد حل ممکن ہو گا۔