خبرنامہ خیبر پختونخوا

موجودہ حکومت صحت کی بہتری کے لیےاقدامات اٹھارہی ہے: جھگڑا

پشاور: (ملت+آئی این پی )گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ موجودہ حکومت شعبہ صحت کی بہتری اورمعیاری ریسرچ اور تعلیم کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سماجی شعبہ کی بہتری صحت اور تعلیمی اداروں کے کردار سے وابستہ ہے اور ضرورت اس امرکی ہے کہ شعبہ صحت میں ریسرچ اورمعیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں گردن، سر اورای این ٹی سرجری کے حوالے سے منعقدہ26 ویں بین الاقوامی کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔کانفرنس میں پروفیسرڈاکٹراستراج خان شہابی ،قومی وبین الاقوامی ماہرڈاکٹرز اورشعبہ طب سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ طب کے شعبے میں جدید تحقیق سے مہلک امراض کی تشخیص میں مدد مل رہی ہے اور ضرورت اس امرکی ہے کہ ڈاکٹروں کو بہترین علاج معالجے میں مہارت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ طب میں جدید تحقیق سے بھی آگاہی حاصل کرناہوگی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات اورجدید سائنسی دور میں اس طرح کے سیمیناراورکانفرنسزکاانعقاد ایک خوش آئند امرہے اور اس ضمن میں منتظمین کے کردار اور کاوشوں کو سراہا۔ گورنرنے اس موقع پر لگائے گئے سٹالز کابھی معائنہ کیا جس میں طب کے متعلقہ شعبے کی جدید ادویات اورآلات رکھے گئے تھے۔قبل ازیں ارگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹراستراج خان شہابی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور گورنر اوردیگرمہمانوں کاخیرمقدم کیااور کانفرنس کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے گورنر کویادگاری شیلڈبھی پیش کیاگیا۔