خبرنامہ خیبر پختونخوا

مولانا فضل الرحمان کا شام کے شہریوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کا اعلان

مولانا فضل الرحمان کا شام کے شہریوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کا اعلان

پشاور:(ملت آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شام کے شہریوں پر مظالم کے خلاف جمعہ کے روز احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کارکنوں کو شام کے شہریوں پرانسانیت سوز مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کی ہدایت کی ہے۔ مولانافضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور مسلم ممالک شام میں جارحیت روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ غوطہ شہر کی حالت زار پرعالمی برادری کی خاموشی المیہ ہے، اقوام متحدہ خواتین و بچوں کے قتل عام اور لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات پر نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان شامی شہریوں کی نسل کشی روکنے کےلئے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے۔ خیال رہے کہ شامی شہر غوطہ میں روسی اور شامی فورسز کی بمباری کے نتیجے اب تک 700 کے قریب افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔