خبرنامہ خیبر پختونخوا

مہمند ایجنسی؛ دہشت گردوں کا سکول پر دستی بم سے حملہ

مہمند ایجنسی: (ملت+آئی این پی) مہمند ایجنسی میں تعلیم دشمن دہشت گردوں نے سکول پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے سکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مہمند ایجنسی کے علاقے موصل کور میچنئی میں تعلیم دشمن دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے سکول پر دستی بم پھینک دیا۔ سکول میں زور دار دھماکا ہوا جس سے عمارت جزوی طور پر تباہ ہو گئی۔ موصل کور میچنئی میں نامعلوم حملہ آوروں سکول میں دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے جس سے ایک کمرہ تباہ ہو گیا تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جس وقت سکول میں دھماکا کیا گیا طالب علم موجودتھے تاہم وہ محفوظ رہے تاہم دھماکے سے سکول سے ملحقہ مکان کا کمرہ بھی تباہ ہو گیا ہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔