خبرنامہ خیبر پختونخوا

مہمند ایجنسی: سرکاری سکول کو دھماکے سے تباہ کردیا

پشاور: (ملت+آئی این پی )مہمند ایجنسی میں شدت پسندوں نے سرکاری اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ پولیٹیکل ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کی دور افتادہ تحصیل صافی کے علاقہ چمر کنڈ میں شدت پسندوں نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کو بارودی مواد سے نشانہ بنا کر اڑایا۔ نامعلوم شدت پسندوں نے بوائز اسکول میں دھماکا خیز مواد نصب کیا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت منہدم ہوگئی۔ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔واقعے کے بعد پولیٹیکل انتظامیہ اور سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچے اور جائے وقوع کو سیل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ یاد رہے کہ فاٹا میں سب سے زیادہ اسکول مہمند ایجنسی میں تباہ کیے گئے جن کی تعداد 127 ہے اور جس میں سب سے زیادہ 64 اسکول تحصیل صافی میں تباہ ہوئے۔ شدت پسند عناصر نے کئی سال پہلے مہمند ایجنسی کے واحد ڈگری کالج کو بھی تباہ کردیا تھا جس کے بعد آج تک وہاں تدریسی عمل شروع نہ ہوسکا۔