خبرنامہ خیبر پختونخوا

مہمند ایجنسی: شدت پسندوں کا حملہ، دو اہلکار شہید

مہمند ایجنسی (ملت + اے پی پی) مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی زیارت ماربل کانوں میں قائم نئی لیویز پوسٹ پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب شدت پسندوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکار ذاکر ولد وزیر محمداور مسعود شاہ ولد مبارک شاہ شہید جبکہ دیگر دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔ پو لیٹیکل انتظامیہ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیویز اہلکاروں اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ رات دس بجے تک جاری رہا ۔واقعہ کے بعد مقامی انتظامیہ اور فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا اور زیارت ماربل کانوں میں جاری کام کو بند کر دیا گیا ہے۔ اجتماعی ذمہ داری کے تحت تحصیل صافی میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں جبکہ صافی قبیلہ کی مراعات بھی بند کردی گئی ہیں۔