خبرنامہ خیبر پختونخوا

مہمند ایجنسی: قاسم خیل قبیلہ کی تمام مراعات بند کردی گئیں

مہمند ا یجنسی:( اے پی پی )شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی نہ کرنے پر پولیٹیکل انتظامیہ نے قاسم خیل قبیلہ کی تمام مراعات بندکر دیں جبکہ ان کے فصل کاٹنے اور کاشت کرنے پر، شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور ڈومیسائل بنانے پر بھی پابندی عائدہو گی ۔ مہمند ایجنسی کے سب ڈویژن یکہ غنڈ میں تحصیل ترکزی میں آباددادو خیل کے درجنوں ملکان اور عمائدین کا ایک جرگہ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نوید اکبر کے ساتھ ہوا۔ جرگہ میں قوم پر واضح کیا گیا کہ تین ہفتے پہلے مچنئی میں نامعلوم شدت پسندوں نے دو سیکیورٹی اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔جس کی ملکان اور عمائدین کی جانب سے ابھی تک شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی نہیں کی گئی تو مذکورہ قبیلوں کی تمام مراعات پر غیر معینہ مدت کے لئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ قومی جرگہ نے اجتماعی ذمہ داری کے تحت گرفتار 9 افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا مگر انتظامیہ نے یکسر انکار کیا جبکہ مذکورہ قبیلہ کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے دیگر مراعات سمیت فصل کاٹنے ا ور کاشت ،شناختی کارڈ ، پاسپورٹ اور ڈومیسائل بنانے پر پابندی لگا دی گئی ہے اور ساتھ ہی ملکان کے ماہانہ خرچے، اور ملازمین کی تنخواہیں بھی بند کردی گئیں۔ رابطہ کرنے پر اے پی اے یکہ غنڈ نوید اکبرنے بتایا کہ پی اے مہمند کی خصوصی ہدایت پر یہ اقدام اٹھایاگیا ہے اور دادوخیل قبیلہ کی ہرقسم مراعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا عمائدین اور ملکان کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ شدت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف انتظامیہ کا ساتھ دیں اور بدامنی پھیلانے والوں کی نشاندہی کریں۔