خبرنامہ خیبر پختونخوا

مہمند ایجنسی کےعوام کاخورشید ڈیم سےملحقہ سڑک پرپل تعمیرکرنےکامطالبہ

مہمند ایجنسی:(اے پی پی) لوئر پرانگ گھر مہمند ایجنسی کے مکینوں کا مطالبہ ہے کہ خورشید ڈیلے ایکشن ڈیم پار کرنے کے لیے پل تعمیر کیا جائے، پل نہ ہونے کے سبب مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ خورشید ڈیلے ایکشن ڈیم 2007 سے 2010 کے عرصے میں تعمیر کیا گیا تھا اور اسکی تعمیر پرلگ بھگ پندرہ کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی جبکہ ابتدائی تخمینہ آٹھ کروڑ چالیس لاکھ روپے تھا۔ ڈیم کے نزدیک رہنے والے کسان کریم شاہ کا کہنا ہےہے کہ اس علاقے کے کاشتکار زیادہ ترٹماٹر اور دیگر موسمی سبزیاں اگاتے ہیں اور انہوں نے پانی کے پمپ اپنی مدد آپ کے تحت لگائے تھے تاہم اب بجلی بھی میسر نہیں کہ پمپ چلائے جاسکیں۔ ایک اور مکین شمشاد عثمان خیل نے بتایا کہ ڈیم میں پانی اسٹو رکرنے کی بھرپور صلاحیت ہےتاہم برساتوں میں یہ ابل پڑتا ہے اور یوسد بابا نامی سڑک بند کردیتا ہے جس سے علاقے میں آمد ورفت منقطع ہوجاتی ہے ، اس ڈیم پر پل تعمیر کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیم سے پانی کے نکاس کے لیے بنا یا جانےو الا چینل مرمت طلب ہے جس کے سبب پانی مسلسل ضائع ہورہا ہے اور ڈیم کی تعمیر بے مقصد ہوکر رہ گئی ہے۔ مقامی آبادی کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ انتظامیہ واٹر چینل کی مرمت کراکر پانی بچائے اور مقامی آبادی کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جلد از جلد پل کی تعمیر کرے۔