خبرنامہ خیبر پختونخوا

نوشہرہ :ماں نے دو بچیوں کو دریائے کابل میں پھینک دیا

نوشہرہ:(اے پی پی) نوشہرہ میں مبینہ طور پر ماں نے دو بچیوں کو دریائے کابل میں پھینک دیا ، امدادی ٹیمیں ڈوبنے والی بچیوں کی تلاش میں مصروف ہیں ۔ مصری بانڈا سے شیدو جانیوالی خاتون نائلہ جب دریائے کابل پر بنائی گئی لفٹ پر سوار ہو کر دریا کے بیچ میں پہنچی تو مبینہ طور پر 3 ماہ کی فریال کو پہلے اور 2 سال کی دعا کو نیچے پھینک دیا ۔ خاتون نیچے چھلانگ لگانے لگی تو تیسری بیٹی ماں کے پاؤں سے لپٹ گئی اس دوران لفٹ کنارے پر پہنچ گئی ۔ شیدو پہنچنے پر تیسری بیٹی حنا نے کہا کہ ماں نے دونوں کو دریا میں پھینک دیا ، پولیس نے خاتون کو حراست میں لے لیا ۔خاتون کا کہنا تھا کہ میں تین بچوں سمیت لفٹ میں بیٹھی ہوئی تھی کہ اچانک جھٹکے سے دونوں بچے گر گئے ، میں نے مدد کے لیے پکارا بھی پھر اس کے بعد مجھے سمجھ نہیں آیا کہ کیا کروں-ایس ایچ او تھانہ اکوڑہ خٹک خادمین خان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ہم موقع پر پہنچے تو بچیوں کے والد نے بتایا کہ میری بیوی بچیوں کے ہمراہ میکے گئی ہوئی تھی ۔ جب خاتون سے پوچھا تو اس نے کہا بچیاں لفٹ سے نیچے دریا میں گرگئی تھیں ۔ متاثرہ خاندان کے حالات ٹھیک ہیں ۔ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے ۔