خبرنامہ خیبر پختونخوا

نوشہرہ میں مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق،2 شدید زخمی

نوشہرہ:( ملت+ اے پی پی)نوشہرہ میں مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق دو شدید زخمی ہوگئے۔ تیز رفتار مسافرکوچ نے موٹرسائیکل کوٹکر مار دی جس کی وجہ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ اس کی بیوی اور دو سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔ دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔دریں اثناء دوسرا واقعہ بانڈہ شیخ اسماعیل کے قریب پیش آیا جہاں پر نامعلوم ملزمان نے ایک شخص کو بے دردی سے قتل کردیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق تلاوت ولد فضل احمد ساکن مغلکی نے پولیس کودرج رپورٹ کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گھر میں موجود تھا کہ اسے اطلاع ملی کہ اس کا چچا زاد بھائی شیر محمد ولدبہرام دین اپنی بیوی مسماۃ ناہیدہ زوجہ شیر محمد اور دو سالہ بیٹی فضا نور کے ہمراہ موٹر سائیکل پر مصری بانڈہ مغلکی سے نوشہرہ رشتہ داروں کے گھر جارہا تھا کہ جی ٹی روڈ پر فلائنگ کوچ نے موٹر سائیکل ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں شیر محمد موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی بیوی اور بیٹی شدیدز خمی ہو گئی جن کی حالت ایل آر ایچ پشاور میں تشویشناک بتائی جارہی ہے ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ دوسرا واقعے میں نور اسلام اے ایس آئی نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گشت پرتھا کہ اسے اطلاع ملی کہ صنوبر ٹکر بانڈہ شیخ اسماعیل دریاکے کنارے ایک لاش پڑی ہے۔ وہ جائے وقوعہ پر پہنچا تودیکھا کہ لاش کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور اس کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی، لاش پچاس سالہ شخص کی ہے جسے فائرنگ کرکے قتل کیاگیا۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔