خبرنامہ خیبر پختونخوا

وزیراعظم بیرون ملک جاتے ہیں غریب عوام کہاں جائیں،عمران خان

پشاور:(اے پی پی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےکہا ہے کہ بیرون ملک علاج کروانے والے وزیراعظم کوغریب پاکستانیوں کے علاج معالجہ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ وہ پشاور میں صحت انصاف کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ بیماری کاعلاج کرانے کے لئے وزیر اعظم خود بیرون ملک چلے جاتے ہیں جب کہ غریب مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس معاشرے میں انصاف،تعلیم اورصحت کیلئے پیسہ خرچ کرنا پڑے توسمجھ لیں معاشرہ ناکام ہورہا ہےاعلیٰ حکومتی شخصیات اپنا علاج کرانے بیرون ملک چلے جاتے ہیں جب کہ دوسری طرف 50 فی صد پاکستانی اپنے بچوں کو دووقت کی روٹی نہیں کھلا سکتے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ جب تک ظلم کا نظام قائم رہے گا تب تک برکت نہیں پڑے گی ملک سے امیر اور غریب کے فرق کو ختم کرنا ہو گا تا کہ پائیداراورمستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ن لیگ نے ایک سال میں اشتہارات پر 9 ارب روپے خرچ کیے جب کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صرف 15 کروڑ روپے خرچ کیے۔ اس موقع پرسربراہ تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویزخٹک کوہدایات دیں کہ صحت انصاف کارڈ کا اجرا پورے صوبے میں کیا جائے اوراس میں کسی قسم کی نسلی،گروہی،جماعتی یا لسانی تفریق نہیں رکھی جائے سب مریضوں کویکساں سہولیات فراہم کی جائیں۔ عمران خان نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا میں جومنصوبہ شروع کیا وہ پورے ملک کیلئے مثال بنے گا۔