خبرنامہ خیبر پختونخوا

وطن عزیز کی تاریخ میں ہمیں ایسی آزمائشوں سے گزر ناپڑا جن کی مثال نہیں ملتی : جھگڑا

خیبرایجنسی (ملت + آئی این پی)خیبر پختونخوا کے گورنر انجینئراقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی حالیہ تاریخ میں ہمیں ایسی آزمائشوں سے گزر ناپڑا جن کی مثال نہیں ملتی اور دنیا نے دیکھا کہ ہماری قوم نے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر انتہائی مشکل حالات کاسامنا بھی کیا اورایک دوسرے کا بازوبن کرکامیابی سے بھی ہمکنار ہوئے۔وہ بدھ کو پاک افغان سرحد کے قریب سراویلا میں فرنٹ لائن مورچوں میں فوجی جوانوں سے ملاقات اور بعد ازاں علاقہ میدان میں فرنٹیئر کور اور 54 بریگیڈ اور 27بریگیڈ کے زیر اہتمام منعقدہ شاندارسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ گورنر نے کہا کہ بحیثیت قوم ہماری یہ کامیابیاں تاریخ کا انمٹ حصہ ہیں اور یہ اعزازپاک فوج اور قبائل کے لازوال جذبے کا نتیجہ ہے۔گورنر نے وادی تیراہ سے متصل پاک ۔افغان سرحد پر سراویلا کے مقام پر فوجی جوانوں اور افسران سے بھی ملا قات کے دوران انکے حوصلے،جر ائت اور بے لوث جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔گورنر نے کہا کہ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہو تا ہے اور جتنے قلیل وقت میں پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے وطن عزیز کی اس سرحد کو محفوظ بنایا ہے وہ بھی ایک بے مثال کامیابی ہے۔ اس موقع پر بریگیڈیئر راحت نسیم نے گورنر کو فرنٹ لائن مورچوں پر سیکورٹی کی صورتحال سے اگاہ کیا۔ انہوں نے بحیثیت گورنر اس علاقے کا دورہ کرنے کو بھی ایک مثالی پیش رفت قرار دیا۔ اس مو قع پر ،میجر جنرل شاہین مظہرمحمود،انسپکٹرجنرل،فرنیٹئرکور ، ایڈیشنل چیف سیکر ٹری فاٹا فدا وزیر،بریگیڈیئر محمد شہباز خان اور بریگیڈیئر راحت نسیم بھی موجود تھے۔دریں اثنا وادی تیراہ میں گورنر نے سپورٹس فیسٹیول میں شرکت پردلی خوشی واطمینان کااظہار کرتے ہو ئے گورنر نے کھلا ڑیوں کی اعلی مہارت اورجوش وجذبہ کی بھی تعریف کی۔انہوں نے جیتنے والی ٹیموں بیس ہزار روپے دوسر ے نمبر پا آنے والی ٹیموں کیلئے دس ،دس ہزار روپے کا اعلا ن کیاجبکہ قومی ترانہ پیش کرنے والے طلبا کیلئے پچاس ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا۔ گورنر نے علاقے میں ترقیاتی ضروریات کا ذکر کرتے ہو ئے کہا کہ پانی کے وسائل کو ترقی دینے کیلئے چھو ٹے ڈیموں اور سڑکوں کی تعمیر کو ترجیح دی جائے گی۔ قبل ازیں گورنر نے سراویلا میں ایک مقامی قبائلی جرگہ سے بھی خطاب کیا۔