خبرنامہ خیبر پختونخوا

وفاقی حکومت نے خیبرپختونخواہ کے فنڈز روک لئے:ڈاکٹرنوشین حامد

لاہور(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختون خواہ کے فنڈز روک لئے جس وجہ سے یہاں 124منصوبوں کی تکمیل خطرے میں پڑ گئی ہے،وفاقی حکومت خیبرپختون خواہ کی ترقی نہیں چاہتی ،خیبرپختون خواہ پہلے ہی قدرتی آفات کی لپیٹ میں ہے اور اب وفاقی حکومت نئے نئے حربے استعمال کرکے صوبائی حکومت کے خلاف سازش کررہی ہے ،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب کے لئے وفاقی حکومت کے دل کھلے ہیں مگر دوسرے صوبوں سے سوتیلی ماں کاسلوک کیا جارہا ہے ،لاہورمیں اورنج لائن ٹرین پر دوسرے محکموں کے فنڈز لگائے جارہے ہیں لیکن کوئی وفاقی نمائندہ اس بارے اظہار خیال نہیں کرتا ،پنجاب میں لاقانونیت اور بد عنوانی کے چرچے ہیں لیکن وفاقی حکومت پنجاب حکومت سے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا نہیں کہتی ،سب کا زور صرف خیبرپختون خواہ حکومت پر چلتا ہے ،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت بتائے کہ کیا خیبرپختون خواہ پنجاب کا حصہ نہیں ہے ،کیا یہاں ترقی نہیں ہونی چاہیے ،خیبرپختون خواہ کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے ،مسلم لیگ ن عمران خان کی مقبولیت سے خوف زدہ نظر آتی ہے اس لئے وہ گھٹیا حربے استعمال کررہی ہے ،وفاقی حکومت کی کارکردگی پر دنیا سوالات اٹھا رہی ہے لیکن اسے اپنی نہیں صرف دوسروں کی فکر ہے ۔#/s#