خبرنامہ خیبر پختونخوا

وفاقی حکومت کی عوام میں مقبولیت بڑھتی جارہی ہے؛ جاوید ظفر جھگڑا

وفاقی حکومت کی عوام میں مقبولیت بڑھتی جارہی ہے‘جاوید ظفر جھگڑا
پشاور: (ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صوبائی سینئر نائب صدر جاوید ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کا مقابلہ کرنا عمران خان کے بس کی بات نہیں، عمران خان وزیراعظم توکیا اپوزیشن لیڈر بھی نہیں بن سکتے جبکہ محمد نواز شریف عوام کی بھرپور حمایت سے دوبار وزیراعلیٰ اور تین بار وزیراعظم منتخب ہوئے۔ محمد نواز شریف ملک کے سب سے زیادہ مقبول اور ہر دلعزیز سیاستدان جبکہ مسلم لیگ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، عمران خان کو وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنے کی بجائے خیبر پختونخوا میں تبدیلی کا وعدہ پورا کر کے دکھانا چاہیے۔ جھگڑا ہاؤس پشاورمیں پارٹی کارکنوں کے وفودسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کی طرف سے کرپشن کے خلاف واویلا مچایا جارہاہے اگر عمران خان کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں تو انہیں خیبرپختونخوا سے کرپشن کے خلاف مہم کاآغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی بہتر کارکردگی‘عوام میں مقبولیت بڑھتی جارہی ہے جبکہ این اے 3 پشاور اور پی کے 9 پشاورمیں بھی سبزانقلاب آچکا ہے۔