خبرنامہ خیبر پختونخوا

وفاقی وزیرتوانائی عمرایوب نےدربندکنڈرکیلئے132 کےوی کےنئےگرڈسٹیشن کی منظوری دیدی

مانسہرہ۔ (ملت آن لائن) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے نوابزادہ صلاح الدین سعید اور رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ فرید کی درخواست پر دربند کنڈر کیلئے 132 کے وی کے نئے گرڈ سٹیشن کی منظوری دیدی۔ گذشتہ روز دربند کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں دربند گرڈ سٹیشن کے قیام کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا جبکہ وفاقی وزیر توانائی نے پی کے 33- میں بجلی منصوبوں کیلئے بھی کروڑوں روپے کا فنڈ دینے کی یقین دہانی کرائی جس پر دربند میں لوگوں میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ واضح رہے کہ متاثرین تربیلا ڈیم کی تحصیل دربند کے لوگ عرصہ سے بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کے مسائل سے دوچار ہے، ان مسائل کے حل کیلئے حلقہ پی کے 33- کے رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ فرید اور ان کے والد نوابزادہ صلاح الدین نے اپنی کاوش کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی سے حلقہ کیلئے 132 کے وی نئے گرڈ سٹیشن کی منظوری کروا لی۔