خبرنامہ خیبر پختونخوا

وفاق پشاور کے تاجروں کو تحفظ دینے کیلئے رینجرز تعینات کرے :پرویز خٹک

پشاور:(آئی این پی)خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے تاجروں کو تحفظ دینے کیلئے وفاقی حکومت سے رینجر تعینات کرنے کامطالبہ کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کہتے ہیں کہ تاجروں کو 98 فیصد فون کالز افغان نمبروں سے موصول ہو رہی ہیں ۔ دنیا نیوز نے بھتہ خوری کیلئے استعمال ہونے والی افغان نمبروں کی فہرست حاصل کرلی ۔ بھتہ خوری خیبرپختونخوا حکومت کیلئے درد سر بن گئی ۔ تاجروں کو تحفظ دینے میں ناکامی پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے وفاقی حکومت کو پشاور میں رینجرز تعینات کرنے کیلئے خط لکھ دیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بھتہ خوری کیلئے 98 فیصد کالز افغانستان سے کی جا رہی ہیں ۔ وفاقی حکومت بھتہ خوری کا معاملہ افغان حکومت کے ساتھ اٹھائے ۔ خط میں پشاور میں رینجر کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔ دنیا نیوز نے بھتہ خوری میں استعمال ہونے والے افغان نمبروں کی فہرست بھی حاصل کرلی ہے ۔ فہرست کے مطابق افغانستان کے مختلف علاقوں کے 276 نمبروں سے حالیہ دنوں میں تاجروں کو ٹیلی فون کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے مطابق انہوں نے یہ معاملہ افغان سفیر کے ساتھ بھی اٹھایا ہے ۔ بھتہ خوری کے واقعات میں اضافے کے باعث تاجر برادری بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہے ۔ صوبائی حکومت پر تاجروں کی جانب سے بھی رینجرز کی تعیناتی کیلئے دباو ڈالاجارہاہے ۔