خبرنامہ خیبر پختونخوا

ٹھنڈامیرامیں اراضی تنازعہ پرفائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

ایبٹ آباد:(اے پی پی) ٹھنڈا میرا میں اراضی تنازعہ پر اے ایس آئی نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو قتل کر دیا ہے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس میں تعینات محمد اقبال کا ٹھنڈا میرا میں نذیر نامی شخص سے اراضی کا تنازعہ چلا آ رہا تھا، گذشتہ روز محمد اقبال اور نذیر میں اس بات پر معمولی تلخ کلامی ہوئی، اے ایس آئی محمد اقبال نے جذبات میں آ کر فائرنگ کر دی جس سے محمد نذیر کے ساتھ آیا پولیس اہلکار قاسم موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ملزم اقبال موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم سٹی پولیس نے چھاپہ کے دورا ن ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقتول قاسم خان ایڈیشنل سیشن جج III کے ساتھ گن مین کے طور پر ان دنوں اپنے فرائض انجام دے رہا تھا۔