خبرنامہ خیبر پختونخوا

ٹیکس کے مسئلے کوجلدحل کیاجائیگا،حاجی فدا ناشاد

ٹیکس کے مسئلے کوجلدحل کیاجائیگا،حاجی فدا ناشاد
گلگت:(ملت آن لائن)سپیکرقانون ساز اسمبلی حاجی فدا ناشاد نے کہا ہے کہ ٹیکس کے مسئلے کوجلدحل کیاجائیگا،قومی وبین الاقوامی کمپنیوں اورکاروباری حضرات پرٹیکس لگانے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے،اسمبلی سمیت تمام فورم پرمقامی باشندوں پرٹیکس لگانے کی بھرپورمخالفت کی ہے ، مقامی لوگ جنرل سیلزٹیکس پہلے ہی اداکررہے ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی ٹیکس ختم کرنے کیلئے اپناکرداراداکریں گے۔ وفاقی وزیرامورکشمیروگلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر ٹیکس ختم کرانے کی بھرپورکوشش کریں گے اور وہ اس سلسلے میں ہماری معاونت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی کوششوں سے گلگت بلتستان کے بجٹ میں دگنااضافہ کردیاگیا ان کی ہدایت پر سکردوروڈکی تعمیر شروع ہوگئی ہے۔بلتستان یونیورسٹی کے قیام کے لئے بھی تیزی سے کوششیں جاری ہیں تین نئے اضلاع کاقیام بھی موجودہ حکومت ہی کاکارنامہ ہے ،ترقیاتی امور میں اس وقت جتنی پیشرفت ہورہی ہے اس کی تاریخ میں کبھی مثال نہیں ملتی۔سابق اورموجودہ وزیراعظم کی کوششوں سے گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پرکام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں اب تک جتنے قوانین پاس کئے گئے ہیں وہ عوامی خواہشات کے مطابق ہیں، قوانین عوامی مفادات کے لئے بنائے گئے ہیں۔عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے اسمبلی نے بھرپورکرداراداکیاہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مفادات اورحقوق کاتحفظ ہمارانصب العین ہے ۔