خبرنامہ خیبر پختونخوا

پاکستان میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

پاکستان میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

پشاور:(ملت آن لائن) خیبر پختونخواہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ ٹریفک پولیس یاسر آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صوبے میں خواجہ سراؤں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 30 خواجہ سراؤں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں، جلد صوبے کے تمام خواجہ سراؤں کو لائسنس جاری کر دیے جائیں گے۔
خواجہ سراؤں نے ووٹ کا حق مانگ لیا، پشاورہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر
ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس وقت کی اشد ضرورت ہے، خیبر پختونخواہ پولیس نے اہم فیصلہ لیتے ہوئے صوبے میں خواجہ سراؤں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا سلسلہ شروع کیا ہے، ان کے لیے شارٹ ڈرائیونگ کورس بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ خواجہ سراؤں کو ٹریفک ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی خبر ملتے ہی ٹریفک ہیڈ کوارٹر پشاور میں تیس سے زائد خواجہ سراؤں نے ڈرائیونگ ٹیسٹ دے کر ابتدائی لسٹ میں اپنا نام درج کرایا۔ خیال رہے خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے خواجہ سراؤں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کئے جاہے ہیں جن میں شناختی کارڈ کی فراہمی، پاسپورٹ اور صحت و انصاف کارڈ شامل ہیں۔
پشاور: خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ صوبائی حکومت نے صحت اور مفت علاج معالجے کے حوالے سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی خاطر خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیا تھا۔ خواجہ سراؤں کو صحت انصاف کارڈ 270 پروگرام کے تحت محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کیے گئے۔پشارہ پریس کلب میں منعقد ایک تقریب میں ڈی جی ہیلتھ کے پی کے بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ملک میں خواجہ سرا اپنے حقوق کے لیے ہمیشہ سے آواز بلند کرتے آرہے ہیں جن میں ان کا موقف یہ ہے کہ انہیں بھی بحیثیت پاکستانی بنیادی سہولیات فراہم کیے جائیں اور نوکری کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی ان کی واضح نمائندگی دی جائے۔