خبرنامہ خیبر پختونخوا

پاکستان کوترقی یافتہ ممالک کے صف میں شامل کرنے کیلئے تحقیق کے کلچرکو فروغ دینا ہوگا:پرویزخٹک

صوابی:( اے پی پی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے در پیش مسائل پر قابو پانے اور معاشی ترقی کے لئے تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نتیجہ خیز ریسرچ اور اپنے ہی ٹیکنالوجی پر توجہ دینے سے ہمارا ملک خاطر خواہ ترقی کے منازل طے کر سکے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنا لوجی ٹوپی ضلع صوابی میں دو روزہ اوپن ہاؤس اینڈ کیرئیر فیئر کے افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ جس میں سپیکر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر ، سابق وزیر صحت شوکت یوسفزئی ، ایم پی اے حاجی محمد شیراز خان ، ریکٹر جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ جہانگیر بشر ،سابق وزیر اعلیٰ انجینئر شمس الملک ،پچاس نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے 278.8ملین روپے کی لاگت سے نو تعمیر شدہ ہاسٹل الیون کا افتتاح بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ میں ایک جدید ”نیو اکیڈمک بلاک”کی تعمیر کے لئے ایک ارب روپے فنڈز دینے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ اگلے سال دورے کے دوران انسٹی ٹیوٹ میں ایک عالی شان ہاسٹل کے قیام کاا علان کرونگا۔ وزیر اعلیٰ نے طلبہ کے فائنل پراجیکٹس کا معائنہ کر تے ہوئے کہا کہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہمارا مستقبل روشن ہے اس پراجیکٹ سے یہ معلوم ہوا کہ جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ نے معیاری تعلیم حاصل کی اور ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کر دار ادا کر نے کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ ریسرچ کے بغیر ہمیں خاطر خواہ ترقی کے منازل طے کر نے میں دشواری کا سامنا ہو گا ۔یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم نتیجہ خیز ریسرچ کریں جو ہماری معاشی ترقی میں انتہائی مدد گار ثابت ہو گی مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارا نوجوان طبقہ ملک کو در پیش چیلنجز ، مشکلات اور مسائل کا مقابلہ کر نے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مختصر دور میں تعلیم ، صحت اور انڈسٹری کی ترقی کے لئے عملی اقدامات اُٹھائے گدون صنعتی بستی سمیت بیمار صنعتوں کی بحالی اور بہتری کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم تر قی یافتہ ممالک کے صف میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں ریسرچ کلچر کو فروغ دینا ہو گا تاکہ ہم اپنے درپیش مسائل پر قابو پانے کے علاوہ معاشی ترقی کے مقاصد حاصل کر سکے ریکٹر جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ جہانگیر بشر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے خاص طور پر ہائیر ایجو کیشن پلاننگ اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی سپورٹ قابل ستائش ہے ہاسٹل الیون کی تعمیر کا افتتاح صوبائی حکومت کی تعاون کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ اوپن ہاؤس میں چالیس کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں تیس کمپنی پہلے ہی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کر چکی ہیں اور دس مزید آئندہ دنوں میں آئیں گی اوپن ہاؤس کے موقع پر انڈسٹری اور کئی ریسرچ اداروں کے سر کر دہ نمائندے فیکلٹی اور طلبہ سے ملتے ہوئے ایک دوسرے کے مسائل جانتے ہیں اور مستقبل کے لئے منصوبہ بندی کر تے ہیں۔ پرو ریکٹر اکیڈمک پروفیسر ڈاکٹر جاوید اے چٹھہ نے کہا کہ اوپن ہاؤس انسٹی ٹیوٹ کے بڑے ایونٹس میں سے ایک ہے اس موقع پر کمپنیوں کے نمائندے طلبہ کے فائنل ایئر کے پراجیکٹس دیکھتے ہیں اور انہیں انڈسٹری میں روزگار دینے کے لئے ان کے انٹر ویوز بھی کر تے ہیں۔