خبرنامہ خیبر پختونخوا

پاکستان کوحاصل کرنےکیلئےہمارے آبا واجداد نےلازوال قربانیاں دیں، عنایت اللہ

پشاور:( اے پی پی ) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ 14اگست کو یوم آزادی کے طور پر منانا ہمارے لئے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشر ق علامہ محمد اقبال کے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کی تجدید عہد کا موقع ہے اور ہم قائد اعظم اور شاعر مشرق کو خوابوں کو حقیقت کا روپ دے کر ہی دم لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں ضلع دیر اپر کے علاقہ براول میں جشن آزادی کے حوالے سے نکالی گئی ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئر وزیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کو حاصل کرنے کیلئے ہمارے آبا و اجداد نے لازوال قربانیاں دیں ہیں اور ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے اس موقع پر ریلی کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب یہ عہد کر لیں کہ اپنے پیارے وطن کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھیں گے اور اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا تن من دھن قربان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز ایک نظریہ کے تحت حاصل کیا گیا ہے اس لئے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے طبقوں کو چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات، علاقائی و لسانی تعصبات نفرتوں اور عداوتوں سے بالا تر ہو کر ملک کو امن و امان کو گہوارہ بنانے اور اسے خوشحالی سے ہمکنار کرنے کیلئے جدوجہد کریں۔