خبرنامہ خیبر پختونخوا

پاکستان کی آزادی کی جنگ سیاستدانوں نے لڑی،غلام احمد بلور

پاکستان کی آزادی

پاکستان کی آزادی کی جنگ سیاستدانوں نے لڑی،غلام احمد بلور

اسلام آباد(ملت آن لائن) قومی اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی کی جنگ سیاستدانوں نے لڑی ہے اور اس میں کسی جج اور جرنیل نے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ سیاستدانوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں کا سہارا نہیں لینا چاہیے۔ اگر اسٹیبلشمنٹ کسی سیاستدان کو اقتدار میں لاتی ہے تو پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ یہی اسٹیبلشمنٹ اسے گرا بھی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان پر لوگوں نے لعنت بھیجی ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواب یوسف تالپور نے پانی کے حوالے سے جو اعداد و شمار پیش کئے ہیں ان میں ہمارے صوبے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان نے دھرنوں کی سیاست شروع کی جس سے متاثر ہو کر کل خیبر پختونخوا کے 200 سب انجینئرز نے بنی گالہ میں دھرنا دیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ وہ 11ویں سکیل میں بھرتی ہوتے ہیں اور اسی میں ریٹائر ہو جاتے ہیں جو افسوسناک ہے۔ تحریک انصاف کے اراکین اور اس ایوان کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔