خبرنامہ خیبر پختونخوا

پاک فوج کے جوانوں نے لواری ٹاپ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا

لاہور: (ملت+اے پی پی) پاک فوج کے جوانوں نے شدید برفباری کے باعث بند لواری ٹنل کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔ لواری ٹاپ پر پھنسے مسافر راستہ کھلنے کے بعد اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے گزشتہ رات بروقت کارروائی کرتے ہوئے لواری ٹاپ کو کھول دیا ہے۔ شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو گئی تھی۔ پاک فوج کی انجینئرنگ برانچ کے جوانوں کی بھرپور کوششوں کے بعد لواری ٹنل پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے جس کے بعد چھوٹی گاڑیاں اور پھنسے ہوئے مسافر اپنی اپنی منزل کی طرف روانہ ہو چکے ہیں۔ گزشتہ رات چترال میں شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل بند کر دی گئی تھی۔ سینکڑوں مسافروں کو رات کھلے آسمان تلے گزارنا پڑی۔ منفی چودہ درجہ حرارت میں بھوکے پیاسے مسافروں نے گاڑیوں میں وقت گزارا۔