خبرنامہ خیبر پختونخوا

پجگی روڈ فلائی اوور تا ورسک روڈ فلائی اوور کو جون 2017ء تک مکمل کیا جائے گا، سینئرصوبائی وزیر بلدیات

پشاور (ملت + آئی این پی)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ رنگ روڈ کے شمالی حصے پجگی روڈ فلائی اوور تا ورسک روڈ فلائی اوور کو جون 2017ء تک مکمل کیا جائے گاجس پر 7بلین روپے کی لاگت آئے گی ۔منصوبے کی تکمیل سے چارسدہ رنگ روڈ پجگی فلائی اوور سے حیات آباد تک لوگوں کو سفر کرنے میں آسانی پیدا ہو گی۔ وہ جمعہ کے روز رنگ روڈ کے شمالی حصے پجگی فلائی اوور سے ورسک روڈ تک گاؤں شینکی ہندکیان کے لوگوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے خصوصی دورے کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سلیم حسن وٹو، ڈائریکٹر روڈ ون امین الدین ، ڈائریکٹر روڈ ٹٖو اکرام اﷲ گنڈاپور اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رنگ روڈ پجگی سے ورسک روڈ تک کی سڑک کو جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا جس میں تمام سفری سہولیات اور خوبصورتی کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے اور سڑک کے دونوں اطراف اور مخصوص مقامات پر گرین بلٹس، سولر لائٹس اور دیگر تزین و آرائش کا کام بھی کیا جائے گا۔انہیں بتایا گیا کہ پجگی فلائی اوور کیلئے 1.5بلین روپے جبکہ ورسک روڈ فلائی اوور کیلئے 1.8بلین روپے کی لاگت سے زمین خریدی گئی ہے۔اسی طرح بڈھنی نالہ کیلئے 0.5بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ پجگی تا ورسک روڈ میں دو انڈر پاسز، ڈول کیرج وے ہونگے جس پر 1.6 بلین روپے خرچ ہوں گے اور دونوں طرف تقریباً چار کلومیٹر سروس روڈ بھی تعمیر کیا جائے گا۔معائنے کے دوران سینئر صوبائی وزیر نے گاؤں شینکی ہندکیان ،تیرائی پایان کے مکینوں کی سڑک کے تعمیر کے بارے میں تحفظات گہری دلچسپی کے ساتھ سنے ۔ سینئر صوبائی وزیر نے انہیں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رنگ روڈ کے سروس روڈ کو مکمل کرنے کے ساتھ سروس روڈ تک متعلقہ لوگوں کے مسائل حل کئے جائیں اور ان کی سروس روڈ تک رسائی ممکن بنائی جائے۔سینئر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مفاد کے اس اہم تعمیراتی منصوبے پر ہونے والے کام کی خصوصی نگرانی کریں اور غیر معیاری ہونے کی صورت میں ذمہ دار لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائے۔