خبرنامہ خیبر پختونخوا

پختونوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والوں نے پختونوں کی فلاح کیلئے کچھ نہیں کیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک

پشاور(آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پختونوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والوں نے پختونوں کی فلاح کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے اپنے دور میں جتنا اُن کا بس چلا عوامی وسائل کا ملکر بٹوارہ کیا پختونوں کے نام پر اپنی سیاست چمکانے والے اب خواب دیکھنا چھوڑدیں۔پاکستان تحریک انصاف نے اُن کی مفاد پرست سیاست کو دفن کر دیا ہے اور صوبے میں غریب دوست نظام اور بہترین طرز حکمرانی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ اس صوبے میں تحریک انصاف کا مقابلہ کوئی دوسری جماعت نہیں کر سکتی ۔ وہ اتوار کو مینگورہ بلو گرام حلقہ پی کے 81 ضلع سوات میں جلسہ عام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر برائے کھیل وثقافت و اُمور نوجوانان محمود خان ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، ضلع ناظم ، تحصیل ناظم اور دیگر مقامی حکومتوں کے ممبران اور عوام کی کثیر تعداد نے جلسے میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے کہ ماضی میں اسے کوئی ایماندار قیادت میسر نہ آئی ۔جب ہم دُنیا کو دیکھتے ہیں اور پھر خود کو دیکھیں تو شرمندگی ہو تی ہے ۔ دُنیا روز بروز ترقی کی طرف جارہی ہے مگر ہم دن بدن پیچھے چلے جارہے ہیں۔ملک کی اس تباہی اور زوال کے ذمہ دار مفاد پرست سیاستدان ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف اس جرم میں شامل نہیں ۔تحریک انصاف کی اتحادی حکومت نے تین سال کے مختصر عرصے میں ماضی کے حکمرانوں کی کوتاہیوں کا ازالہ کرنے کیلئے بھر پور کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین اپنے دور میں گھر سے باہر نکلنے کی جرات بھی نہیں کرسکتے تھے مگر آج آزادانہ جلسے کرتے ہیں۔ مخالفین کو جب بھی موقع ملا انہوں نے اس صوبے کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ اُن کی بنائی گئی تمام سڑکیں ، عمارتیں اور دیگر انفراسٹرکچر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔اداروں میں سیاسی مداخلت نے عوامی خدمت کے قابل نہیں چھوڑا تھا ۔یہ لوگ اول تو اعلانات کرنے پر ہی اکتفاکرتے رہے اگر کسی کام میں اُنہیں اپنا فائدہ نظر آیا اور وہ کام کیا بھی تو دو نمبر طریقے سے کیا۔ وسائل اپنی جیبوں میں ڈال لیتے اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھتے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں کہ سیاستدان اس قوم کے مجرم ہیں۔انہوں نے سکولوں ، ہسپتالوں، پولیس ، اداروں اور افسران پر سیاست کی۔اپنی مرضی سے میرٹ کے خلاف نا اہل لوگوں کو بھرتی کرتے اور پھر اُنہیں ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے رہے۔وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تحریک انصاف کے موجودہ تین سالوں کا ماضی سے موازنہ کریں اور تبدیلی کے مفہوم کو سمجھیں ۔ہمارے مخالفین کے نزدیک تبدیلی اور ترقی یہی ہے کہ حکومت میں آ ؤ اور ڈبل لوٹ ماکرو ۔اُن کا پروگرام یہی ہے مگر ہمارے نزدیک تبدیلی کا مطلب ایک شفاف نظام کی تشکیل ہے۔آزاد اور با اختیار اداروں اور عوام کو انصاف کی فراہمی ہمارے نزدیک تبدیلی ہے۔ہم اپنے تبدیلی کے ایجنڈہ کے تحت عوام کو ایسا نظام دہے رہیں جس میں انہیں انصاف ملے۔ کسی کی حق تلفی نہ ہو جو اہل اور حقدار ہے اُس کا حق بغیر مانگے اُس کو دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں ترقیاتی کام اپنی جگہ جاری ہیں۔ ہمارے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کرکے ہماری حکومت اور سابقہ حکومتوں میں فرق دیکھا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ دُنیا نے ترقی اس لئے کی کہ انہوں نے اپنے اداروں پر سیاست نہیں کی ۔