خبرنامہ خیبر پختونخوا

پختون دہشت گردی اور انتہا پسندی کے شکار ہیں: سکندر حیات خان

پشاور(آئی این پی ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین و سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ سی پیک اور صوبے کے وسائل سے محرومی کے بعداب پنجاب میں پختونوں کے خلاف جومعتصبانہ رویہ اپنایاگیا ہے وہ کسی بھی صورت میں وفاق کی نمائندگی نہیں کرتا بلکہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پختون جو پہلے ہی سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے شکار ہیں ان کو ریلیف دینے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے کی بجائے اب ان کو مزید امتحان میں ڈالا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس قسم کے حربوں اور پختونوں سے تیسرے درجے کے شہری جیسا سلوک ان میں پہلے سے موجود احساس محرومی میں مزید اضافے کا باعث بنے گا جو ہمیں کسی صورت قابل قبول نہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ قومی وطن پارٹی سمجھتی ہے کہ اگر اس رویے کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو پختونوں میں وفاق کے خلاف عموماً اور مرکزی حکومت کے خلاف خصوصاً نفرت مزید بڑھ جائے گی جو کہ کسی بھی صورت میں وفاق پاکستان کے حق میں نہیں اس لئے قومی وطن پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ پختونوں کے خلاف حالیہ نفرت انگیز عمل فوراً ترک کیا جائے۔ دریں اثنا ء خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی و سماجی بہبود او ر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چےئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے تحصیل کچہری تنگی میں ہونے والی دہشت گردی کے واقع میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے گھر گھر جا کر اُ ن سے تعزیت کی اور اُنہیں حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے پانچ پانچ لاکھ روپے کے امدادی چیک حوالے کئے ۔صوبائی وزیر نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اُنہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اُنکی پارٹی اور حکومت عوام کے ساتھ ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ رقوم شہداء کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں تاہم حکومت کی طرف سے اُنکے دنیاوی مسائل کم کرنے کی ایک کوشش ہے ۔جن شہداء کے ورثاء کو امدادی چیک حوالے کئے گئے ان میں روح اﷲ جان ولد لطیف اﷲ ، مفتاح اﷲ ولد روح اﷲجان ، نعم المولیٰ ولد طیب اﷲ ، ہاشر ولد مقدر شاہ ، غفر علی ولد محمد دوستان ساکنان تنگی ، منصف خان ولد صحبت خان سکنہ لاٹمین کلے ، احسان اﷲ ولد دوائی خان سکنہ ناقے کلے اور غلام حیدر ولد غلام سرور سکنہ حبیب الرحمن کلے ہری چند شامل ہیں۔صوبائی وزیر نے مذکورہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت بھی کی اور اُنکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی خالد خان مہمند اور قومی وطن پارٹی کے مقامی رہنما بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔