خبرنامہ خیبر پختونخوا

پرویز خٹک نے ترقیاتی کاموں کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی

پشاور(ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر خان دُرانی کے خط کی روشنی میں پولیس فورس کے مختلف رینک کے کانسٹیبلان ( اہلکاروں) کی آپ گریڈیشن اور شہداء کا مراعاتی پیکج بڑھانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔خصوصی کمیٹی کے ارکان میں صوبائی وزیر محنت و معدنی ترقی مسز آنیسہ زیب، وزیرخزانہ مظفر سید، اطلاعات کے بارے میں وزیراعلیٰ کے مشیر مشتاق غنی، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری داخلہ و قبائلی اُمور جبکہ اے آئی جی فنانس سنٹرل پولیس آفس بطور سیکرٹری آف کمیٹی شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پنجاب اور اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبلری اور جونیئر رینک کے افسروں کے موجودہ رینک اور شہداء مراعاتی پیکج کو مدنظر کھتے ہوئے اپنی رپورٹ 15 دن کے اندر اندر پیش کریں۔یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ فورس کا کردار ادا کررہی ہے اور دوسرے صوبوں کے مقابلے میں یہاں کے پولیس کو فرائض کے دوران زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ دوسری جانب دہشت گرد بھی خیبر پختونخوا پولیس کا حوصلہ پست کرنے کے لیے انہیں مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔ تاہم خیبر پختونخوا پولیس نے ڈیوٹی کے دوران کبھی بھی پیٹھ نہیں دکھائی اور دہشت گردوں کا دلیری اور بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے اور اب تک فرائض کی ادائیگی کے دوران 1200 سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے۔ بے انتہا قربانیوں اور بے مثال پیشہ ورانہ کامیابیوں کے باوجود ان کو فراہم کردہ سہولیات اور مالیاتی مراعات دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ اس سے پہلے بھی آئی جی پی نے 15 جون 2016 کو صوبائی حکومت کے ساتھ خیبر پختونخوا پولیس کی آپ گریڈیشن کا مسئلہ اُٹھایا تھا جو اس جواز کے ساتھ واپس کیا گیا تھا کہ حکومت اس سلسلے میں دوسرے صوبوں کے ساتھ ایک جیسی پالیسی اختیار کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت دوسرے صوبوں نے اپنے پے اسکیل کی آپ گریڈیشن نہیں کی تھی۔ بعدا زاں آئی جی پی نے 29 نومبر 2016 کو صوبائی حکومت کو ایک دوسرا خط لکھا جسمیں صوبائی حکومت کو اس ضمن میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔آئی جی پی نے خیبر پختونخوا پولیس کے بلند عزائم کو مدنظررکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھرپچھلے مہینے یعنی جنوری 2017 میں صوبائی حکومت کو ایک اورمراسلہ ارسال کیا جسمیں کانسٹیبل کا بنیادی پے اسکیل 5 سے بڑھا کر 7، ہیڈ کانسٹیبل کا 7 سے بڑھا کر 9 اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کا 9 سے بنیادی پے اسکیل 11 تک بڑھانے اور کانسٹیبلری کا شہداء پیکج تین ملین روپے سے بڑھاکر 10 ملین روپئے کرنے کی درخواست کی۔ جس پر بالا آخر صوبائی حکومت نے مذکورہ خصوصی کمیٹی تشکیل دیکر 15 دن کے اندر اندر ان سے رپورٹ طلب کی ہے۔