خبرنامہ خیبر پختونخوا

پرویز خٹک کا پنجاب حکومت کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

لاہور:(ملت+اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے 2 نومبر کو اسلام آباد جانے سے روکنے پر پنجاب حکومت کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے 2 نومبر کو اسلام آباد جانے سے روکنے پر پنجاب حکومت کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی اور صوبے کے عوام کا راستہ روکنا بد ترین آمریت تھی جب کہ صرف آمریت کے دور میں ہی سیاسی جماعتوں کو جلسوں سے روکا جاتا ہے، پنجاب پولیس سے انصاف کی توقع نہیں تاہم عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان کی کال آئی کہ اسلام آباد پہنچیں اور ہم نے تو ایک مہینے تک وہیں کھڑے رہنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ان کی قسمت اچھی ہے کہ کورٹ سے فیصلہ آگیا، جب شہباز شریف کی کال آئی تو میں نے انہیں بتادیا تھا کہ ہم نے پنجاب کا راستہ کھول دیا ہے تاہم ایسا وقت ضرور آئے جب شہبازشریف پر شلینگ ہوگی اور پھر میں فون کروں۔ وزیراعلیٰ پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ سسٹم بدلنے کے وعدے ہم نے 100 فیصد پورے کیے جب کہ ہم نے کبھی سی پیک کی مخالفت نہیں کی، ہم نے سی پیک کے مغربی روٹ کے بارے میں آل پارٹیز میں بھی مطالبہ کیا تھا اور وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ مغربی روٹ بنایا جائے لہذا وزیراعظم ویسٹرن روٹ پہلے بنانے کا اپنا وعدہ پورا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کرنے والے ملکوں نے ہی ترقی کی ہے لیکن ملک میں جمہوریت نہیں فرمان شاہی جاری ہوتاہے، ہم چور ڈاکو حکمرانوں سے تنگ ہیں۔