خبرنامہ خیبر پختونخوا

پرویز خٹک کا ہیلی کاپٹر اتارنے کیلئے پی سی بی انڈر 13 ٹرائل رکوا دیئے گئے

ایبٹ آباد (ملت + آئی این پی) ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا ہیلی کاپٹر اتارنے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری انڈر 13 ٹرائل رکوا کر بچوں کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا۔تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کرکٹ گراؤنڈ میں پی سی بی اندڑ 13 کرکٹ ٹرائل جاری تھے کہ ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے گراؤنڈ میں پہنچ کر کھیل رکوا کر بچوں کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا۔ ایبٹ آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کی والدہ کے جنازے میں شرکت کے لئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آنا ہے اور ان کے ہیلی کاپٹرز کی لینڈنگ کے لئے گراؤنڈ کی پچ کو مختص کیا گیا ہے اس لئے کھیل رکوا کر بچوں کو گراؤنڈ سے نکالا گیا۔ دوسری جانب بچوں کے ساتھ آئے اْن کے والدین کا کہنا تھا کہ بچوں کے مستقبل کے ساتھ اس طرح سے کھیلنے کا کسی کو کوئی حق نہیں پہنچتا اور ضلعی انتظامیہ کو ہیلی پیڈ کسی دوسری جگہ پر بنانا چاہیے تھا کیونکہ اس طرح سے نا صرف کرکٹ کو نقصان ہو گا بلکہ بچوں کا مورال بھی کم ہو گا۔پی سی بی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بورڈ کی پالیسی کی خلاف ہے،کوئی بھی گراؤنڈ عوامی اجتماعات یا وی آئی پی افراد کی سرگرمیوں کے استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومتی رویے پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ بچے چترال ،دیر ،مردان اور صوابی سمیت دور دراز شہروں سے آئے ہیں،انڈر۔13 کے ٹرائل کے لئے انہیں دوبارہ نہیں بلاسکتے۔