خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور،ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کیخلاف آپریشن، غیر قانونی تجاوزات کا صفایا

پشاور(ملت + آئی این پی)ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں پہلے دن سینکڑوں کی تعداد میں غیر قانونی تجاوزات کا صفایا کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے پشاور میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف تاریخی آپریشن کر نے کا حکم دیا تھا جس کی روشنی میں پشاور کے مختلف علاقوں میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی تھیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر الطاف شیخ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبدا لنبی، اے ٹی او آر ٹاؤن ون آیاز درانی اور دیگر سٹاف نے اشرف روڈ، چوک یاد گار، پیپل منڈی ، قصہ خوانی ، کباڑی بازار اورخیبربازار میں قائم عارضی تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کر تے ہوئے تمام تجاوزات کو ختم کر دیا جبکہ بیشتر تجاوزات کو تحویل میں لیتے ہوئے 19 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر فضیلت جہان ،ڈائریکٹر پی ڈی اے ملک نجیب آفریدی نے ڈسٹرکٹ ممبر حمیرہ گیلانی اور دیگر سٹاف کے ساتھ بھاری مشینری کے زریعے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا۔ آپریشن میں سینکڑوں کی تعداد میں تجاوزات کا خاتمہ کر تے ہوئے 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔جبکہ کوہاٹ روڈ پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سہیل عزیز اور سید شاہ زیب نے ٹی ایم او ٹاؤن فور احسان اللہ، اے ٹی او آر رضوان اللہ اور سپر انٹنڈنٹ ٹاؤن تھری عبدالصمد نے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کاروائی کر تے ہوئے سینکڑوں کی تعداد میں عارضی اور مستقل تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ پشاور کے تمام علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر الطاف شیخ کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پشاور کے تمام علاقوں میں قا ئم تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا ۔انھوں نے پشاور میں قائم تمام غیر قانونی تجاوزات مافیا کو خبر دار کیا ہے کہ وہ بذات خود اپنی تجاوزات کو ختم کر دیں بصورت دیگر سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔