خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور، داودزئی میں انسداد پولیو ٹیم کے قریب دھماکہ، پولیس اہلکار شہید

پشاور (ملت + آئی این پی) پشاور کے نواحی علاقے داودزئی میں انسداد پولیو ٹیم کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ جائے وقوعہ سے دو مشکوک افراد کو گرفتار کر کے ایک بم بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔ داودزئی کے علاقے میں انسداد پولیو ٹیم کے سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایک پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک اور بم بھی برآمد ہوا جسے بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنا دیا۔ دھماکے کی جگہ سے دو مشکوک افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔