خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:خواجہ سراکےقتل کی انکوائری کاحکم:خٹک

پشاور:(آئی این پی) پشاور میں فائرنگ سے قتل ہونے والے خواجہ سرا کے بعد خواجہ سرا برادری کی فریاد بالآخر حکومتی ایوان تک پہنچ گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ہے جبکہ وزیر صحت نے بھی ہسپتال انتظامیہ سے تین روز میں رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ پشاور میں خواجہ سرا علیشاء قتل کے بعد خواجہ سرائوں کا احتجاج رنگ لے آیا ۔ مظلوم طبقے کی فریاد بالآخر حکومت کے ایوانوں تک پہنچ ہی گئی ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ہے جبکہ صوبائی حکومت نے خواجہ سرائوں کے تحفظ ، رہائش اور روزگار کیلئے مربوط پالیسی بنانے کا بھی اعلان کر دیا ہے ۔ خواجہ سرائوں کی جانب سے علیشاء کی ہلاکت کی ذمہ داری لیڈی ریڈنگ ہسپتال انتظامیہ پر عائد کی گئی تھی جس پر ایکشن لیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شہرام خان ترکئی نے نہ صرف تین روز میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے بلکہ ہسپتالوں میں ان کے لئے الگ جگہ کی یقین دہانی بھی کرا دی ۔ پولیس نے خواجہ سرا کی ہلاکت کے بعد تفتیش کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے ۔