خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:سرچ آپریشن کے دوران 2دہشت گردگرفتار

پشاور:(اے پی پی) پشاورمیں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران قاضی کلے اور یکہ توت سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ،دہشتگردوں کے قبضے سے گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔گرفتار افراد میں ایک طالبان کا مقامی کمانڈر بتایا جاتاہے۔ پولیس حکام کے مطابق یکہ توت میں دہشتگرد اسماعیل کوناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس نے تعاقب کیا تو اس نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور قریبی مکان میں چھپ گیا۔ پولیس پارٹی نے فائرنگ کی آڑ میں مکان میں داخل ہوکر دہشت گرد اسماعیل کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشتگرد اسماعیل ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں ملوث رہا ہے۔ اس کے قبضے سے 2 دیسی ساختہ بم، ڈھائی کلو بارودی مواد، 2 ڈیٹو نیٹرز،2 ہینڈ گرنیڈ، نائن ایم ایم پستول، کارتوس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جب کہ قاضی کلے سے سفیر اللہ نامی دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے گولہ بارود اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، پولیس کے مطابق ملزم کالعدم تنظیم کا مقامی کمانڈربتایا جاتا ہے۔