خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور:سفید سنگ روڈ پردھماکا،3 دہشت گرد ہلاک

پشاور:(آئی این پی) پشاور بڑی تباہی سے بچ گیا ۔ خیبر ایجنسی سے شہر کی حدود میں داخل ہونے والے خودکش جیکٹوں سے لیس مسلح حملہ آور بارودی جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہوگئے ۔ ایک جیکٹ ناکارہ بنادی گئی ۔ پشاور پولیس کی کامیاب کارروائی تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا کر شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا ۔ پولیس کا کہنا ہے موٹر سائیکل پر سوار تین خودکش بمبار خیبر ایجنسی سے شگئی کے راستے پشاور میں داخل ہوئے ۔ دہشتگرد کافور ڈھیری کے قریب پہنچے اسی دوران ایک خودکش حملہ آور کی جیکٹ دھماکے سے پھٹ گئی جس سے تینوں دہشتگردوں کے پرخچے اڑ گئے ۔ ایس پی کینٹ کاشف ذوالفقار کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں سے دو شکل اور حلیے سے غیر ملکی معلوم ہوتے ہیں جبکہ ایک مقامی لگتا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے تینوں افراد خودکش جیکٹس ، خود کار اسلحے اور دستی بموں سے لیس تھے اور وہ دہشتگرد کس مقام کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ابھی اس کا تعین کیا جانا باقی ہے ۔ جائے وقوعہ سے کچھ ہی فاصلے پر ورسک روڈ واقع ہے جہاں درجنوں تعلیمی ادارے ہیں ۔