خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاورسمیت خیبرپختونخوا کے14اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات آج

پشاور: (آئی این پی) پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع میں آج ضمنی بلدیاتی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 35 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کو نشانات بھی الاٹ کر دیئے گئے ہیں۔ پشاور میں انتخابی عمل کے لیے تمام سامان بھی پیر کی صبح ہی پرائزڈنگ آفیسرز کے حوالے کر دیا گیا تاہم اس موقع پر ایک بار پھر بدانتظامی دیکھنے میں آئی۔ پریذائڈنگ آفیسرز کو سامان تو دے دیا گیا لیکن سامان لے جانے کیلئے سیکیورٹی نہ دی جا سکی۔ جس کی وجہ سے انہیں کئی گھنٹے تک انتظار کی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات پشاور کے علاوہ ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، لکی مروت، مردان، چارسدہ، دیر، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور صوابی میں بھی منعقد ہو رہے ہیں۔ ان اضلاع میں بھی سیکیورٹی انتہائی سخت رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔